ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دبئی میں بھٹکل کی خاتون بلند عمارت سے گر کر جاں بحق

دبئی میں بھٹکل کی خاتون بلند عمارت سے گر کر جاں بحق

Sun, 03 Nov 2024 17:04:01  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل/دبئی، 3 نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل کی ایک خاتون دبئی میں ایک بلند عمارت سے گر کر جاں بحق ہوگئیں۔ مرحومہ کی شناخت فاطمہ روضہ بنت محمد علی عیدروسہ (عمر 32 سال) کے طور پر  ہوئی ہے۔

 بھٹکل مدینہ کالونی کی رہائشی یہ خاتون اپنے شوہر یاسین کھروری اور تین بچوں کے ساتھ  دبئی کے النہدہ کی ایک 12 منزلہ عمارت کے دوسرے فلور پر مقیم تھیں۔

ذرائع کے مطابق، فاطمہ روضہ نے صبح فجر کی نماز اور تلاوت کے بعد اپنے بھائی کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا ہے۔ مزید یہ کہ انہوں نے تقریباً ساڑھے سات بجے اپنی ایک سہیلی  کو ڈیلیوری پر مبارکباد دیتے ہوئے دوپہر کے کھانے پر اپنے گھر مدعو بھی کیا ہے۔ شوہر یاسین کھروری کے مطابق، آج اتوار ہونے کے سبب وہ کمپنی کی چھٹی کی وجہ سے گھر پر ہی موجود تھے اور صبح سات بجے سو گئے تھے۔ تقریباً آٹھ یا سوا آٹھ بجے کے قریب عمارت کے واچ مین نے دروازے پر آ کر اطلاع دی کہ ان کی اہلیہ کی نعش عمارت کے باہر سڑک پر پڑی ہوئی ہے۔ یہ منظر دیکھ کر ان کے ہوش اُڑ گئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کردی۔ پولیس نے عمارت کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جس سے یہ معلوم ہوا کہ خاتون اکیلے بارہویں فلور پر گئیں تھیں، جہاں جم اور سوئمنگ پول واقع ہیں۔ تاہم، وہاں پہنچنے کے بعد کیا ہوا، اس کی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔ پولیس اس واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔

بھٹکل میں ان کے والد محمد علی عیدروسہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی 2013 میں ہوئی تھی اور اُس کے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ ان کے بقول، شوہر اور بیوی میں گہری محبت تھی اور ان کی بیٹی دین دار، پنج وقتہ نمازی اور قرآن کی تلاوت کرنے والی خاتون تھیں۔ محمد علی صاحب نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی بے بنیاد افواہوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے درخواست کی کہ مرحومہ کے حق میں مغفرت کی دعا کریں اور ایسی باتوں سے گریز کریں جو ان کے دکھ میں مزید اضافہ کریں۔

مرحومہ کی میت اس وقت دبئی کے مرچری میں پولیس کی تحویل میں ہے اور اتوار کو سرکاری دفاتر بند ہونے کی وجہ سے پیر کے روز پوسٹ مارٹم اور کاغذی کارروائی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد میت دبئی میں موجود اہل خانہ کے حوالے کی جائے گی۔

اس غم کے موقع پر دبئی میں بھٹکل مسلم جماعت کے صدر شہریار خطیب اور جنرل سیکریٹری جیلانی محتشم سمیت کئی اراکین اور عزیز و اقارب نے یاسین کھروری کی رہائش گاہ پہنچ کر تعزیت کا اظہار کیا۔ پتہ چلا ہے کہ  کاغذی کارروائیوں میں  جماعت کی طرف سے مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے شوہر سمیت تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔


Share: